11 اپریل 2015 - 05:21
یمن کے مسئلے میں ایران اور ترکی کے درمیان تعاون

ترکی کے وزیرخارجہ نے اعلان کیا ہے کہ ایران اور ترکی نے بحران یمن کے حل میں تعاون پر اتفاق کیا ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ترکی کے وزیرخارجہ مولود چاوش اوغلو نے جمعے روز انقرہ میں اپنے ایک بیان میں یمن میں جنگ بندی کی ضرورت پر تاکید کی اور انسانی ہمدردی پر مبنی امداد بھیجنے کے امکان کے بارے میں کہا کہ ایران اور ترکی نے اس سلسلے میں تعاون پر اتفاق کیا ہے- چاؤش اوغلو نے یمن میں نتیجہ خیز مذاکرات فوری طور پر شروع کئے جانے پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں سعودی عرب، ایران اور ترکی پر سنگین ذمہ داری ہے- ترکی کے وزیرخارجہ نے کہا کہ ہم اب خلیج فارس کے ممالک کے ساتھ بھی گفتگو کریں گے- چاؤش اوغلو نے ترک صدر کے دورہ تہران کے دوران یمن کے مسئلے کے حل کے لئے ایران اور ترکی کی ایک ٹیم تشکیل دیئے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یمن میں ایک آگ لگائی گئی ہے جو بجھنا چاہئے- انہوں نے کہا کہ اردوغان کے دورہ تہران میں علاقے کے اہم مسائل کے ساتھ ہی بحران یمن کا بھی جائزہ لیاگیا- چاوش اوغلو نے کہا کہ اس سلسلے میں دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کی سطح پر بھی صلاح و مشورہ کیا جاۓ گا -

.......

/169